کنداپور2ستمبر (ایس او نیوز) کنداپور کے قریب نیشنل ہائی وے 66پرمرونتے تراسی ساحل کنارے کھڑی گئی سیاحوں کے کاروں کے شیشے توڑ کر زیورات، نقدی اور دیگر اشیاء اڑالے جانے کی واردات پیش آئی ہے۔
کہتے ہیں کہ جوگ فالس ، ایڈگنجی وغیرہ کی سیر کے بعد بنٹوال کی لوٹنے والے گنیش کامت اور سنتوش نائک کے اہل خانہ اپنی دو کاریں تراسی بیچ کے کنارے پارک کی تھی۔ اور کچھ دیر سیر کرکے جیسے ہی واپس لوٹے تو ان کی کاروں کے پچھلے دروازے کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے۔ گنیش کامت کی کار کی پچھلی سیٹ پر موجودسونے کا نیکلیس، چوڑیاں، کانوں کے بُندے ، انگوٹھیاں وغیرہ چوری ہوچکی تھی۔چوری کیے گئے ان یورات کا وزن تقریباً 112گرام بتایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ اے ٹی ایم کاردز، بینک پاس بک وغیرہ بھی چرالیے گئے ۔ جبکہ سنتوش نائک کی کار سے دو موبائل فون اور 1500نقد روپے اڑالیے گئے ۔اتوارکے دن چھٹی کے موقع پر جبکہ ساحل پر سیاحوں کی بھیڑ ہوا کرتی ہے ، نیشنل ہائی وے پر پارک کی ہوئی گاڑیوں کے شیشے توڑ کر دن دہاڑے اس طرح کی چوری کی واردات سے سیاح حیرت زدہ ہیں۔ اس سلسلے میں گنگولی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی ہے۔